پاکستان کے مختلف حصوں میں سورج نے قہر برسانا شروع کر دیا ہے، درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گرمی کی شدت سے سڑکیں تپنے لگی ہیں جبکہ شہری شدید اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے موسم کی سنگینی کے پیش نظر ہیٹ ویو سے متعلق انتباہ جاری کر دیا ہے،ترجمان کے مطابق 19 مئی تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دیگر شہروں میں بھی شدید گرمی کا راج ہے،اسلام آباد کا درجہ حرارت 42، راولپنڈی 41، لاہور 45، ملتان، سکھر اور ڈیرہ غازی خان 47، نواب شاہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
ماہرین صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی میں بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، سر کو ڈھانپیں اور دھوپ سے بچنے کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، کوئٹہ کا درجہ حرارت 39، قلات 34، زیارت 28، ژوب 38، سبی 46 اور تربت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔