مریم نواز کا پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کیا گیا ہے، اور اس معاملے میں لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں جاں بحق ہونیوالے اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔
مریم نواز کا یہ کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کے قافلے پر حملہ کردیا۔
کچے کے ڈاکوؤں نے اپنے حملے میں پولیس موبائلز کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں 12 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ پر ڈاکوؤں کی جانب سے نفری تبدیل کرنے والی پولیس موبائلز کو راکٹ لانچروں سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں 12 اہلکار شہید جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔
ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پارٹی کی گاڑی خراب ہونے پر ان پر گھیراؤ کرکے حملہ کیا گیا، حملے میں زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، ڈاکوؤں کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں مزید اموات کا خدشہ ہے۔