مرغی چوری ہونے پر پولیس کو شکایت کرنے والے پراعتماد بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک پراعتماد بچے کی معصومیت نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ویڈیو میں اسکول یونیفارم پہنے بچہ پنجابی زبان میں پولیس اہلکار کو مرغی چوری ہونے کی شکایت کر رہا ہے اور پولیس سے ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ویڈیو میں بچے کا اعتماد اور پولیس اہلکار سے گفتگو کا انداز بے حد دلچسپ ہے۔
جب پولیس اہلکار بچے کو پرچہ کٹوانے کی بات کرتا ہے تو بچہ معصومیت سے پوچھتا ہے کہ پرچہ کٹوانے کے کتنے پیسے لگیں گے؟ اس پر پولیس اہلکار اسے بتاتا ہے کہ اس کے کوئی پیسے نہیں لگیں گے۔ بچہ پھر اعتماد سے بتاتا ہے کہ اس سے پہلے ایک دوسرے پولیس افسر نے اس کی چوزے چوری کی شکایت پر ملزم کو پکڑ لیا تھا، اور وہ اس بار بھی ملزم کی نشاندہی کرنے کو تیار ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بچے کی معصومیت اور اعتماد کو سراہتے ہوئے پنجاب پولیس سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اس بچے کی شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کی مرغی کو بازیاب کرائے۔