رہنما پاکستان پیپلزپارٹی اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترامیم ملک کو بہتری کی طرف لے جائیں گی، پارلیمان اگر مضبوط ہوگا تو ہم مضبوط ہونگے۔
مجوزہ آئینی ترامیم کے متعلق قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نوید قمر کا کہنا تھا کہ یہ ترامیم پاکستان کو بہتری کی طرف لے جائیں گی، ضرورت اس امر کی ہے کہ اچھے کام بھی بہتری کیساتھ کیے جائیں تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی پارلیمنٹ کو مضبوط رکھنے کی بات کر رہے ہیں، اور ہر معاملے کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھنے پر زور دیا ہے۔
نوید قمر کا یہ کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کے کام کو مشاورت کے ذریعے ہی انجام دیا جا سکتا ہے تاکہ سب فریقین کی رائے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
دوسری جانب سلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ن لیگ دانیال چودھری نے کہا کہ ملک میں آئینی ترمیم پہلی مرتبہ نہیں ہورہی، پہلے دن سے کوشش تھی آئینی ترمیم پر تمام جماعتوں سے بات چیت کی جائے، پارلیمنٹ کے فیصلے مطابق ملک چلنا ہے۔
دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے عوام کی زندگیاں گزر جاتی ہیں، لوگوں کو انصاف تب ملے گا جب ادارے متحرک ہونگے، ترامیم سے چیزیں خراب نہیں بلکہ مزید بہتری کیطرف جائیں گی۔
رہنما ن لیگ کا یہ کہنا تھا کہ ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا کہ پارلیمان کو کس طرح چلانا ہے، تمام چیزوں کا اختیار پارلیمان کے پاس ہے، ترامیم سے پارلیمنٹ اور جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔