20
نواب شاہ، کینالز منصوبے کے خلاف ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر ہزارہ ایکسپریس کو روکنے کے واقعے پر 78 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، گزشتہ رات سرہاری کے نزدیک قوم پرست جماعتوں کے کارکنان نے کینالز منصوبے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا، جس کے نتیجے میں ہزارہ ایکسپریس کو روک دیا گیا اور ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ریلوے ٹریک پر دھرنے کے باعث ٹرین سروس چار گھنٹوں تک معطل رہی، جس کی وجہ سے پنجاب سے کراچی آنے والی متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر رکی رہیں۔
مظاہرین کے خلاف کھڈر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں 18 افراد کو نامزد جبکہ 60 کو نامعلوم قرار دیا گیا ہے۔
مقدمہ ریاست کی جانب سے درج کیا گیا ہے، تاہم تاحال کسی بھی فرد کو حراست میں نہیں لیا گیا۔