راولپنڈی، لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا ہے۔
نیشنل میڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے وہ اس وقت جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے قبل بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں، علاوہ ازیں وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں، ڈیوٹی کے دوران وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دوبارہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے درخواست میں یہ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی میرے اور تحریک انصاف کے حوالے سے جانبدار ہیں، چیف جسٹس میرے اور تحریک انصاف کے حوالے سے کسی بھی کارروائی کا حصہ نہ بنیں۔
درخواست میں یہ کہا گیا ہے کہ قاضی فائز عیسٰی کی زوجہ متعدد مواقع پرسابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بیانات دے چکی ہیں۔