قومی سلامتی پر ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی رہنماؤں کو آج اہم بریفنگ دیں گے ، پی ٹی آئی لاعلم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد، قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر آج سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو اہم بیک گراؤنڈ بریفنگ دی جائے گی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف شرکاء کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بریفنگ میں سیاسی قائدین کو افواجِ پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی کوششوں اور ریاستی مؤقف پر تفصیلی آگاہی دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ بریفنگ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ایک مضبوط مثال ہوگی۔

یہ بریفنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور قومی سلامتی کے چیلنجز پر مرکوز ہوگی اور اس کے ممکنہ اثرات کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس اہم بریفنگ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پارٹی کو تاحال کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، اگر حکومت باضابطہ دعوت دے گی تو شرکت کے حوالے سے فیصلہ پارٹی مشاورت سے کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز اور عامر ڈوگر نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں کسی قسم کی دعوت موصول نہیں ہوئی۔

 

 

شیئر کریں:
frontpage hit counter