اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ غزہ میں خونریزی بند کرانا اولین ترجیح ہے۔
ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں شرکت پر سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کا اجتماع گواہی دیتا ہے جب بھی کسی چیلنج کا سامنا ہوا توسیاسی و مذہبی قیادت اکٹھی ہوئی، آج کا دن ایک روشن مثال ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں موجود شرکاء کی تمام تجاویز کو غور سے سنا ہے، یہ اجتماعی سوچ اور فکر ہم سب کے لیے حوصلہ افزا ہے، دن رات مظلوم فلسطینیوں کو شہید کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی دن رات خون بہایا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں خونریزی بند کرانا ہماری اولین ترجیح ہے، ہم ایک ورکنگ گروپ بنائیں گے جو دارالحکومتوں میں پیغام پہنچائے گا، ورکنگ گروپ میں ایکسپرٹس کو شامل کریں گے، ورکنگ گروپ کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جنرل اسمبلی آمد پر ہم نے واک آؤٹ کیا، مجھے علم تھا کہ جنرل اسمبلی میں میری تقریر سے کھلبلی مچے گی، اگر مجھے اس متعلق کوئی سزا دیتے ہیں تو سامنا کریں گے، اللہ کا شکر ہے میری جارحانہ تقریر کے باوجود بھی آئی ایم ایف پروگرام منظور ہوا۔