وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور اقرباء پروری کے خلاف آوازیں پی ٹی آئی کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔
لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور اقرباء پروری کے خلاف آوازیں پی ٹی آئی کے اندر سے اٹھ رہی ہیں، جو فنڈز پختونخوا کے عوام پر خرچ ہونے ہیں، وہ ریوڑیوں کی طرح آپس میں بانٹے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ منہ اور مسور کی دال، سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف آپ کے لیڈر کا نام لینا بھی مناسب نہیں سمجھتے، سیاسی یتیم ٹولہ خود ہی خیالی پلاؤ بنارہا ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے آپکے لیڈر مرے جارہے ہیں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں، عمران خان ڈیڑھ سال سے نوازشریف کی منتیں ترلے کررہے ہیں، نواز شریف کی سیاست اور مشن صرف پاکستان کی خوشحالی ہے، بانی پی ٹی آئی کیساتھ کسی جماعت کا سیاسی لیڈر بیٹھنا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔
صوبائی وزیراطلاعات کا یہ کہنا تھا کہ عمران خان مفاد پرست، احسان فراموش اور محسن کش انسان ہے، جو شخص اپنے محسنوں کو میر جعفر کے القابات دیتا ہے اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا، نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست، یہ سیاسی بونے سمجھنے سے قاصر ہیں۔
عظمی بخاری کا یہ کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے 9 مئی کا اشتہاری مراد سعید بیرون ملک بیٹھ کے حکومتی فیصلے کر رہا ہے کہ کس کو کابینہ میں رکھنا اور کس کو نکالنا ہے؟ علی امین گنڈا پور بزادار پارٹ 2 کا کردار نبھا رہے ہیں۔