سیاسی مشیر وزیراعظم رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ’ڈرامہ‘ ہے اور پوری تحریک انصاف اس ’ڈرامے‘ پر لگی ہوئی تھی کہ وزیراعلیٰ مسنگ پرسن ہے۔
سیاسی مشیر وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک معاشی بحران سے نکل رہا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ معاشی بحران سے ملک نہ نکلے، یہ چاہتے ہیں ایس سی او کو کسی طرح سبوتاژ کیا جائے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیکھا کہ ڈرامہ ناکام ہو رہا ہے تو اسمبلی میں تقریر کرائی۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو سمجھ آگئی ہے، یہ ملک دشمن فتنہ ہیں، یہ پاکستان میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ لیڈر روپوش ہوگیا، وزیراعلیٰ کے پی 24 گھنٹے سے زائد غائب رہنے کے بعد اچانک صوبائی اسمبلی میں منظر عام پر آگئے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور بتائیں کہ انہوں نے یہ ڈرامہ کیوں رچایا، کمپین شروع کی گئی کہ علی امین گنڈا پور کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور 24 گھنٹے سے زائد وقت تک منظر عام سے غائب رہنے کے بعد اچانک صوبائی اسمبلی میں پہنچ گئے تھے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات تھیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کسی ادارے نے گرفتار نہیں کیا، ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔