لاہور، رہنما پاکستان تحریک انصاف عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ظلم کے نظام کے خلاف تحریک کو خواتین لیڈ کریں گی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر عالیہ حمزہ نے صنم جاوید کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں کہ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔
اس موقع پر عالیہ حمزہ کے ساتھ موجود رہنما پی ٹی آئی صنم جاوید نے کہا کہ جلسے کرنا ہمارا حق ہے اور ہمیں ہمارے حق سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی اب ہماری ضد بن چکی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لئے عملی اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے، عمران خان کی رہائی کے لئے ملک کے کونے کونے میں جلسے کیے جائیں گے۔
مشیراطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے جعلی وزراء بڑھکیں نہ ماریں، جلسہ جلوس آئینی حق ہے جہاں چاہے کریں گے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا مزید یہ کہنا تھا کہ جعلی کیسز اور ایف آئی آرز جنون کا راستہ نہیں روک سکتے، اوچھے ہتھکنڈوں سے جعلی حکومت نے خود اپنی تباہی کو دعوت دی ہے۔