اسلام آباد، صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو اسلام آباد طلب کر لیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان اور گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر غور کا امکان ہے۔
چند روز پہلے گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی، ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیر اعظم سے یہ کہا تھا کہ ہمیں سپورٹ دیں کہ ہم پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے وزیر سرمایہ کاری سعودی عرب خالد بن عبدالعزیز الفالح کی جانب سے وفد کے ساتھ ملاقات کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مربوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔