صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ کا منظور شدہ قانون بن گیا ہے۔
بل پر صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر دستخط کیے، جبکہ اس کی منظوری آئین کے آرٹیکل 254 کے تحت دی گئی۔
سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 اس سے قبل پارلیمانی مراحل مکمل کر چکا تھا۔ سینیٹ نے 7 نومبر 2025 کو بل کی منظوری دی، جبکہ قومی اسمبلی نے 8 دسمبر 2025 کو کسی ترمیم کے بغیر اسے منظور کیا۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی بل کی منظوری کی باقاعدہ توثیق کی۔
صدر مملکت کے دستخط کے بعد سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 اب ایکٹ آف پارلیمنٹ بن چکا ہے اور اس پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس قانون کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
پنجاب میں جائیدادوں کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدام، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ نافذ
سی ڈی اے ترمیمی ایکٹ کے نفاذ سے اتھارٹی کے اختیارات، نظم و نسق اور منصوبہ بندی کے طریقہ کار میں بہتری متوقع ہے، جس سے اسلام آباد میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس قانون سازی کے ذریعے دارالحکومت میں شہری سہولیات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور انتظامی شفافیت کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ سی ڈی اے کے امور کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا۔
