شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کرتے ہوئے 12 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں، جھڑپوں کے نتیجے میں 12 خوارج دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 19 ستمبر کو 7 دہشت گردوں کے گروپ نے سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام میں دراندازوں کو گھیرا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 6 بہادر سپوت بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد برآمد کیا گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خوارج کے گروپ نے فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، جنوبی وزیرستان میں جوانوں کی جوابی کارروائی میں 5 خوارج کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید بڑھاتی ہیں۔