سسٹم ٹھیک ہونے سے مسائل حل نہیں ہونگے ، شاہد خاقان عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد، سابق وزیر اعظم و عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نظام ٹھیک ہونے سے مسائل حل ہوں گے کسی شخص کی وجہ سے نہیں۔

اپنے بیان میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق سب نے حلف اٹھایا ہے کہ ملک کیخلاف کچھ بھی ہوگا تو آواز اٹھائیں گے، آئین کے مطابق دیئے گئے رائٹس نوجوانوں کیلئے دستیاب نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار فراہم کرے، حکومت نوجوانوں کو بنیادی حقوق نہیں دے سکتی تو آئین سے انہیں ختم کر دیں، شاہد خاقان عباسی حکومت تعلیم کے نظام کو بہتر بنا سکی ہے اور نہ ہی روزگار دے سکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ کسی معجزے کی تلاش میں رہتی ہے، کبھی کہا جاتا ہے تھر کا کوئلہ ملکی معیشت بہتر بنائے گا، کبھی کہا جاتا ہے گرین انقلاب ملک کے حالات بدل دے گا، جمہوریت ڈیبیٹ کرنے کا نام ہے، لوگوں کو بتانا چاہئے کہ ہم کر کیا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ترامیم اور بلز لوگوں کے سامنے لانے پر مزید بہتری لائی جاسکتی ہے، آئینی ترامیم اور بلز پبلک پراپرٹی ہوتے ہیں، ہم حقائق لوگوں کے سامنے لانے سے ڈرتے ہیں، ترامیم اور بلز لوگوں کے سامنے لانے پر ان میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی بھی ترمیم کو پاس کرانے سے پہلے اس سے متعلق ڈیبیٹ کرالینی چاہئے، قانون کی بالادستی سے ہی معیشت ترقی کرے گی، جب تک عوام کی رائے کا احترام نہیں ہوگا ملک ٹھیک نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جو نوجوان بیرون ملک جارہے ہیں ان کی مجبوریاں ہیں، پاکستان میں بہتر روزگار ملے گا تو کوئی نوجوان بیرون ملک نہیں جائے گا، دنیا بدل گئی اب درست سیاسی سوچ کی ضرورت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے نوجوان کہتے ہیں کہ جیل میں بیٹھا ایک شخص باہر آجائے گا تو ملک بہتر ہو جائے گا، ایسا نہیں ہوسکتا، مسائل کا حل صرف سسٹم میں بہتری لانے کے باعث ممکن ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter