لاہور، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار بیرون ملک نجی دورے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔
گزشتہ شب جسٹس (ر) ثاقب نثار لاہور ایئرپورٹ پہنچے جبکہ ثاقب نثار نے ستمبر میں پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثارکا یہ کہنا تھا کہ میں پاکستان واپس آ گیا ہوں، سوشل میڈیا پر الزامات جھوٹے ہیں، ان کا کوئی جواب نہیں دوں گا۔
دوسری جانب رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا فوجی ٹرائل نہیں ہوگا۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں، بلوچستان آگ میں جل رہا ہے کسی کو اس معاملے میں کوئی فکر نہیں، بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے اگلے دن ہی بجلی مہنگی کر دی گئی، فارم 47 کی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
عمر ایوب کا یہ کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے متعلق پی ٹی آئی کی شمولیت کے کوئی ثبوت نہیں، اگر 9 مئی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، اپوزیشن جماعت ملک اور جمہوریت کی بقاء کیلئے اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔