زرتاج گل کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں زرتاج گل کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں سرکاری وکیل نے بتایا کہ زرتاج گل کے خلاف ڈیرہ غازی خان میں ایک ایف آئی آر درج ہے۔
زرتاج گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں ان کی ضمانت پہلے ہی کنفرم ہو چکی ہے اور ایف آئی آر کی بنیاد پر ضمانت کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ 5 ستمبر کو اس کیس میں ضمانت کنفرم ہو چکی ہے۔ اس پر سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس حوالے سے مزید ہدایات لے لیتا ہے۔
زرتاج گل نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں پاسپورٹ فراہم نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے وہ سفر نہیں کر پا رہیں، جبکہ ان کے خلاف چار خفیہ مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور منتخب رکن اسمبلی ان کا حق ہے کہ وہ آزادانہ سفر کریں۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو کل تک ہدایات لے کر آگاہ کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔