اسلام آباد، وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور اور رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کو نتیجہ خیز قرار دیدیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں بے نتیجہ نہیں نکلیں بلکہ نتیجہ خیز ہیں، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے مشاورت کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو جمہوریت کے لیے اچھا ہے۔
رانا ثناءاللہ کا یہ کہنا ہے کہ مشاورت کا دائرہ کار وسیع کرنے کی بات سیاسی نظام کے لیے بہتر ہے، یہ بے نتیجہ یا ہارجیت والی بات نہیں ہے۔
مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ آج اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہوجائے گا تاکہ مشاورت کا عمل مکمل ہو، 4 دن سے جو کمیٹی کا اجلاس ہوا وہ اتفاق رائے کے لیے ہی تھا۔
یاد رہے کل ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کو مسودہ پیش کیا جانا تھا مگر رات گئے تک حکومت کو ترامیم کی منظوری کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ ملنے پر اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ملتوی کرکے آج پھر اجلاس طلب کیے گئے تھے۔
آج دونوں ایوانوں کے اجلاس شروع ہونے کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں۔