اسلام آباد، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے ساتھ مذاکرات سے پہلے ماحول کو بہتر کرے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے اپنے کیسز کے لیے این آراو ٹو لیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ نیب ترامیم کے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد وکلا سے مشاورت کریں گے، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل سے کوئی لینا دینا نہیں، فیض حمید جنرل باجوہ کی اجازت کے بغیرکوئی کام نہیں کرسکتا تھا۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جنرل(ر) باجوہ کو بھی اس معاملے میں سامنے لایا جائے، ہماری حکومت کے دور میں فیض حمید کا میرے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں تھا۔
اسٹیبلشمنٹ اور حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کے معاملے میں ابھی تک سیریس بات نہیں ہوئی، اور عمران خان نے مذاکرات کے معاملے میں محمود خان اچکزئی کو بات چیت کا اختیار دیا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ حکومت با اختیار نہیں ہے، یہ ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے، حکومت اگرسنجیدہ ہے تو سابق وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی کے کیسزختم کرے اور حکومت بات چیت سے پہلےماحول کو بہتر کرے۔
8ستمبر کو ہونے والے جلسہ کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر کا یہ مزید کہنا تھا کہ جلسہ ہرحال میں ہوگا جبکہ جے یو آئی کے حکومت کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے سوال پرعمر ایوب نے کہا کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان خود کہہ چکے حکومت میں شمولیت سیاسی موت ہوگی، جو بھی حکومت کیساتھ اتحا د کرے گا وہ سیاسی موت خود مرے گا۔