پیر, 16 جون , 2025

حکومت تاجروں کو تحفظ ، سہولت اور عزت دے ، مولانا فضل الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے معروف صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات میں کہا کہ ملک کی معیشت میں تاجر برادری کا کردار ناقابلِ انکار ہے، اور ریاست کا فرض ہے کہ انہیں تحفظ، سہولیات اور عزت دے کر ملکی ترقی میں ان کی شراکت کو مزید مضبوط بنائے۔

مولانا فضل الرحمان وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں ان کا استقبال شہر قائد کی ممتاز کاروباری شخصیات نے کیا۔ اس موقع پر سلطان چاؤلہ، جاوید بلوانی، مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، عارف حبیب سمیت کئی اہم تاجر اور صنعتکار موجود تھے۔ خطاب کے دوران مولانا کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے اور تاجر معیشت کا ستون ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی کا تاجروں سے رشتہ ہمیشہ اصولی اور بااعتماد رہا ہے۔

latest urdu news

مولانا نے زور دیا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق قومی زندگی میں امن اور خوشحال معیشت اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور امن کا مطلب صرف خاموشی نہیں بلکہ انسانی حقوق کا تحفظ بھی ہے۔

تقریب میں جے یو آئی کے دیگر رہنما علامہ راشد سومرو، انجینئر ضیاء الرحمان، مولانا ناصر محمود سومرو اور سمیع الحق سواتی بھی شریک ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان کی کراچی میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور وہ کل جے یو آئی سندھ کے ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں بھی معیشت میں مذہبی و سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے آئے ہیں اور مختلف مواقع پر تاجر برادری کی حمایت کا اعادہ کرتے رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter