احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تاریخ مقرر کردی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔
ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان صفدر اور ایف آئی اے کی جانب سے ذوالفقار عباس نقوی،عمیر مجید ایڈووکیٹ لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کئے۔
جبکہ ایف آئی اے کے وکلا ءہفتہ کے روز سے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل کا آغاز کریں گے۔
عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں فردجرم عائد کرنے کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اعلیٰ بتائے کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد پارلیمنٹ کے قانون پرعملدرآمد کیا جائے یا پھر پریم کورٹ فیصلے پرعمل کریں۔