اسلام آباد، سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والے تصادم اور لاشیں چاہتے ہیں اس لیے ڈی چوک آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان پہلے اپنی ذات کو ذہنی غلامی سے تو آزاد کروائیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بزدلی یہ ہے کہ آپ غریبوں کو مروانے کے لیے احتجاج کررہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ معصوم پاکستانیوں کا خون
بہے، پی ٹی آئی کو لاشیں چاہئیں، سابق وزیراعظم آزادی کی کوشش کے لیے پہلے اپنے بیٹوں کو واپس بلائیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ ڈی چوک اس لیے آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے، تحریک انصاف کے اندر سے لاشوں کے ڈھیر گرانے کی تیاری ہے، سابق وزیراعظم عمران خان اپنی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک رہے ہیں۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگوں کا دماغ کدھر ہے، بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں، ان کو کہہ دیا بزدل ہے نکال دیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 2018 میں ہم نے مینڈیٹ چوری کیا آج انہوں نے کرلیا، فیض حمید جب ڈی جی آئی ایس آئی تھا تب میں نے اس سے تکلیف اٹھائی تھی، جنرل (ر) فیض حمید کے سامنے اس وقت کھڑا ہوا جب وہ کرسی پر تھے۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ مجھے اس دوراہے پر نہ لائیں کہ اپنے فون سے قوم کے سامنے کچھ رکھنا پڑے، میں اُن لوگوں میں سے نہیں کہ جو 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرکے الگ ہوجائیں۔