اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی طاقت کا گھمنڈ پاکستان کی مسلح افواج کی مؤثر جوابی کارروائی کے باعث خاک میں مل چکا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان پر دباؤ ڈال کر اپنی شرائط منوا لے گا، لیکن پاکستانی دفاعی ردعمل نے اس کا غرور توڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوئی ہے، ہم اگر چاہتے تو جنگ کا دائرہ وسیع کر سکتے تھے، لیکن ہم نے جنگ کو روکنے اور مذاکرات کا راستہ اپنانے کو ترجیح دی، کیونکہ بات چیت سے ہی پائیدار حل نکل سکتا ہے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی آئندہ بات چیت میں سندھ طاس معاہدہ، مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے اور آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی پر آج ملک بھر میں "یومِ تشکر” منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر بجا لانے، افواجِ پاکستان کی جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور قوم کی یکجہتی و حوصلے کو سراہنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔