بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر کے بھرپور احتجاج کا اعلان کردیا۔
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کا فیصلہ واپس لے لیا اور اس کی جگہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خدشے کے پیش نظر وہ جلسہ نہیں کریں گے، بلکہ اب راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر دی بھی گئی تو شہر سے باہر ہوگی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ ان کے وکلاء سپریم کورٹ کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔
عمران خان نے چیف جسٹس کی تقرری کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ آئین کے مطابق سینئر ترین جج کو چیف جسٹس مقرر کیا جانا چاہیے، اور ایک ماہ باقی ہے، اس لیے چیف جسٹس کے نام کا اعلان جلد کیا جائے۔