اسلام آباد اور راولپنڈی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرس کی وجہ سے 12 سے 16 اکتوبر کے دوران شادی ہال، کیفے، ریسٹورینٹ اور اسنوکر کلبز کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
پاکستان کی سربراہی میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 16 اور 17 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت میں ہورہا ہے جس میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سمیت مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے دوران جڑواں شہروں میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکو مدنظر رکھتے ہوئے 12 سے 16 اکتوبر کے دوران شادی ہال، کیفے، ریسٹورینٹ اور اسنوکرکلب بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے تاجروں، ہوٹل اور ریسٹورینٹ مالکان کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، جس میں بتایا یہ گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کی جانب سے تاجروں اور ہوٹل مالکان سے شورٹی بانڈز طلب کرلیے گئے ہیں جب کہ دونوں شہروں میں 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے وزیر سرمایہ کاری سعودی عرب خالد بن عبدالعزیز الفالح کی جانب سے وفد کے ساتھ ملاقات کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مربوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔