جمعہ, 25 اپریل , 2025

انصاف کا دروازہ بند، اب صرف قبر کھودی جا رہی ہے، شیخ رشید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انصاف نام کی چیزختم ہوچکی ہے اور اب اس کی قبر کھودی جا رہی ہے۔

راولپنڈی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان پر ایسے کیسز بنائے گئے جن کے دوران وہ پاکستان میں موجود ہی نہیں تھے، مگر انہیں ان مقدمات کی نقول تھما دی گئی ہیں۔

latest urdu news

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے چار ماہ میں تمام مقدمات نمٹانے کا حکم جاری ہو چکا ہے، لیکن 36 ہزار کیسز کا فیصلہ اتنی مختصر مدت میں کیسے ممکن ہے؟ "ایسا لگتا ہے جیسے یہ مقدمات میری زندگی میں ختم ہی نہیں ہونے والے۔”

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ ٹرائل صاف، شفاف اور غیر جانبدار ہو، کیونکہ انصاف صرف طاقتوروں کا نہیں، ہر عام آدمی کا حق ہے، مگر موجودہ حالات میں تو ایسا لگتا ہے جیسے انصاف صرف دکھاوا رہ گیا ہے اور غریب عوام کی کوئی شنوائی نہیں۔

شیخ رشید کے مطابق انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ مقدمات کو نمٹانے کے لیے وقت دیا جائے، کیونکہ روزانہ عدالتوں میں پیشیاں بھگتنا اب ہمارے لیے اذیت بن گیا ہے، اگر واقعی انصاف چاہیے تو سب کے ساتھ برابر سلوک ہونا چاہیے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی زرعی پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو استعمال میں لانے اور ماہرین کی رہنمائی سے مربوط حکمت عملی بنانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان زرخیز زمین، تجربہ کار ماہرین اور محنتی کسانوں کا حامل ملک ہے، جو کبھی گندم، کپاس اور دیگر اجناس میں خود کفیل تھا، لیکن اب ہماری فی ایکڑ پیداوار عالمی معیار سے پیچھے ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter