15
اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط اور مؤثر شراکت دار ملا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی عالمی امن کے لیے قیادت اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کئی برسوں سے قریبی شراکت داری میں کام کرتے آئے ہیں، دونوں ممالک نے عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات کو نئی توانائی ملے گی، اسٹریٹجک شراکت داری مزید گہری ہوگی، اور دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں فروغ پائے گا۔
شہباز شریف نے امریکی صدر کے عالمی امن کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔