امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے جماعت اسلامی افغانستان کیساتھ مذاکرات کیلئے اپنی خدمات دینے کو تیار ہیں۔
پشاور میں قبائلی امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی، حافظ نعیم الرحمان نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کو فروغ دیا ہے، اور یہ کہ مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر جرگے قائم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بندوقوں سے قوم کو ہینڈل نہیں کیا جا سکتا اور کرپشن صرف سویلین نہیں بلکہ ہر سطح پر ہو رہی ہے۔
انہوں نے قبائلی علاقوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ فوجی آپریشنز مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ ان کا موقف تھا کہ افغان طالبان اور حکومت پاکستان کے پاس بات چیت کے سوا کوئی دوسرا حل نہیں ہے، اور اگر حکومت مذاکرات کے لیے راضی نہیں تو جماعت اسلامی اس حوالے سے اپنی خدمات فراہم کرنے کو تیار ہے۔