اسلام آباد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے کئی نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں منعقد ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں متعدد ترقیاتی اقدامات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیض آباد انٹرچینج کو جدید طرز پر ری ماڈل کیا جائے گا، جہاں دو نئی لینز کا اضافہ بھی شامل ہے تاکہ ٹریفک بہاؤ میں بہتری آئے۔
فیصل چوک پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے 2+2 لین پر مشتمل انڈر پاس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انڈر پاس کی منصوبہ بندی آئندہ ٹریفک ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔
اجلاس میں بلیو ایریا میں مکمل ہونے والے پارکنگ پلازہ کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ پارکنگ پلازہ اور فوڈ سٹریٹ کے لیے جدید اور منافع بخش کاروباری ماڈل تیار کیا جائے، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پارکنگ سہولیات کے قیام کے لیے مقامات کی فوری نشاندہی کی جائے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ میں پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی ٹریک، کھانے پینے کے اسٹالز، بینچز اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے مخصوص مقامات طے کر لیے گئے ہیں،پارکنگ پلازہ میں کمرشل دکانیں، چھت پر ریستوران، پلے ایریا، سنیما اور دیگر سہولیات بھی شامل ہوں گی۔