سابق وزیر خارجہ اور سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اپنے نانا کے آئین کو آگ لگانے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے اسیر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھٹو کے چراغ سے آئین کو آگ لگنے جا رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا کے آئین کو آگ لگانے جا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ترامیم کروانے کے لیے چیمپئن بنے ہوئے ہیں، یہ بلاول بھٹو کی تاریخی غلطی ہو گی، آئین ہی پاکستان کی بقا ہے۔
سابقہ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نامکمل نمائندگی میں ترامیم کرنا بڑی غلطی ہو گی، میں نے بلاول کے نام خط لکھا ہے، اس خط کا عنوان ہو گا کہ آئین کو آگ نہ لگ جائے بھٹو کے چراغ سے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، قانون سے ٹکر لینا یا قانون ہاتھ میں لینا ہماری پالیسی میں شامل نہیں ہے۔ اقتدار میں آئے تو کسی پر کیسز نہیں بنائیں گے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ حواس باختہ حکومت نے ابھی سے ڈی چوک کنٹینر پہنچانا شروع کر دیئے ہیں یہ کچھ بھی کر لیں ہم ڈی چوک لازمی پہنچیں گے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کل ہر صورت ڈی چوک پہنچنا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کا قافلہ لازمی ڈی چوک پہنچے گا۔