اسلام آباد، سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم کا مقصد ملک پر اشرافیہ کا قبضہ مضبوط کرنا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک اس طرح نہیں چلتے، مسودے کے 28 صفحات میں عوام کے بجائے ساری باتیں اشرافیہ کے حوالے سے ہیں۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ترامیم کا مقصد اشرافیہ کے قبضے کو مضبوط کرنا ہے، آج ملک کو نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے، آئینی ترامیم کا فائدہ اشرافیہ کے بجائے عوام کو ہونا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کو آپس کے اختلافات دور کرکے ایک پیج پر آنا ہوگا، ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام بھی آجائے گا، مزید یہ کہ سیاسی شخصیات اور عدلیہ کو چاہیے کہ موجودہ ملکی حالات کو سمجھیں۔
دوسری جانب سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت ہنگامہ خیز ماحول ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے شخصیات کے بجائے اداروں کی اصلاحات پر جائیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ پہلے آئینی ترامیم کا مسودہ دکھائیں پھر بات ہوگی، شروع میں تو حکومت کسی قسم کا مسودہ دینے پر تیار ہی نہیں تھی۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکومت نے ایک مسودے کی کاپی پیپلزپارٹی اور ایک ہمیں دی، جسے پڑھنے کے بعد یہ پتہ لگا کہ دونوں مسودوں میں فرق ہے، شہر اقتدار کو اس وقت سنگین صورتحال کا سامنا ہے، اسلام آباد کے ہنگامہ خیز ماحول کے بعد ملتان آیا ہوں۔