وزیراعظم کے معاون خصوصی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں انہیں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت ہوتی نظر نہیں آ رہی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا یہ کہنا تھا پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں ریلیف پر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا اعتراض بلا جواز ہے، مہنگے بجلی بلز کے معاملے پر نواز شریف کو بہت زیادہ تحفظات تھے۔
رانا ثناء اللہ کا یہ کہنا تھا کہ ہمارے پچھلے دور حکومت میں بھی جب پیٹرول کی قیمتیں بڑھی تھیں تو اس پر بھی نواز شریف کافی عرصہ ناراض رہے، وہ روٹی کی قیمت بڑھنے پر بھی تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔
رہنما ن لیگ کا یہ کہنا تھا ہماری سمجھ کے مطابق 4 ماہ اپریل، مئی، جون اور جولائی کا بل باقی 8 مہینوں کے مقابلے میں تقریباََ نصف ہوجاتا ہے۔
رانا ثناءاللہ کا یہ کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جو بھی بات کرتے ہیں ہم ان کی بات کو نہ صرف سنتے ہیں بلکہ اہمیت بھی دیتے ہیں، ہم پاکستان پیپلزپارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا یہ کہنا تھا عمران خان ہٹ دھرمی، ضد اور جھوٹی انا پر اڑے ہوئے ہیں، 9 مئی واقعات پر عمران خان تسلیم کریں کہ ان سے غلطی ہوئی، بلکہ الٹا یہ کہتے ہیں کہ مجھ سے معافی مانگی جائے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا یہ کہنا تھا مجھے مستقبل قریب میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت نظر نہیں آرہی۔