پشاور، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صحت کارڈ میں لائف انشورنس بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت مزید بیماریوں کے علاج کو بھی صحت کارڈ میں شامل کرنے پر کام کر رہی ہے۔
اچھی ویلیو رکھنے والے مزید اسپتالوں کو بھی صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کے پی، کی جانب سے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صحت کارڈ کے تحت ریٹس کم ہونے پر دل کے مریضوں کے آپریشنز نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس بھی لیاگیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے صحت کارڈ حکام کو دل کے مریضوں کے آپریشنز صحت کارڈ کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دل کے آپریشنز پر آنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، اس سلسلے میں مریضوں پر کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ملک احمد بھچر نے کہا کہ لاہور جلسے سے چچا اور بھتیجی گھبرا گئے ہیں، لاہور کے جلسے میں پنجاب حکومت کی جانب سےفسطایت کا مظاہرہ کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غریب لوگ مہنگائی کے باعث مر رہے ہیں، حکومت پریکٹس اینڈ پروسیجربل کے پیچھے لگی ہوئی ہے، اسٹیٹ کی توجہ مخصوص نشستیں چھیننے پر مرکوز ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ فارم47 والی حکومت ہوش کے ناخن لے، جلسوں کے لیے رات کو2 بجے این او سی دیتے ہو، ہمارے جلسوں کے لیے راستے بند کر دیتے ہو، آپ کے ساتھ ویگو ڈالے والے اور ہمارے ساتھ پاکستانی عوام ہے ۔