گجرات میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔
گجرات میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔ تازہ ترین واردات میں پرانی فروٹ منڈی رام تلائ چوک کے قریب نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر سلطان آباد کے رہائشی وقار اشرف کو روک کر اس سے تین لاکھ روپے مالیت کی نئی 125 ہنڈا موٹر سائیکل چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ لاری اڈہ نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب ضلع گجرات میں روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔ سرگودھا روڈ عثمان پورہ سے نامعلوم چور فیروز آباد کے رہائشی محمد عزیر کی موٹر سائیکل چرا کر لے گئے، جبکہ مین بازار لالہ موسیٰ سے چراغ پورہ کے رہائشی عدیل احمد کی موٹر سائیکل بھی چوری کر لی گئی۔ پولیس تھانہ شاہین اور سٹی لالہ موسیٰ نے ان وارداتوں کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
چوروں کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اب گھروں کے باہر نصب واپڈا کے بجلی میٹر بھی محفوظ نہیں رہے۔ چک سکندر لالہ موسیٰ کی رہائشی مقدس بی بی کے گھر سے نامعلوم چور بجلی کا میٹر اتار کر لے گئے، جس پر پولیس تھانہ صدر لالہ موسیٰ نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اسی طرح گاکھڑا کلاں کے علاقے میں بھی چوری کی واردات پیش آئی جہاں نامعلوم چور محمد اسلم کے ڈیرے سے قیمتی بکرا چوری کر کے لے گئے۔ اس واقعے کا مقدمہ بھی تھانہ منگووال میں درج کر لیا گیا ہے۔
شہریوں نے ان بڑھتی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گجرات پولیس اپنے گشت اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائیاں کی جائیں تاکہ عوام کا جان و مال محفوظ ہو سکے۔