کھاریاں، دولت نگر میں ڈاکو راج برقرار، خواتین بھی غیر محفوظ — گجرات سے دو لڑکیاں اغوا۔
گجرات کی تحصیل کھاریاں اور نواحی علاقہ دولت نگر میں ڈاکو راج برقرار ہے، جہاں وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ڈاکوؤں کے روز بروز بڑھتے جرائم نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جب کہ خواتین کی عدم تحفظ کی صورتحال بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
سمرالہ میں پیش آنے والے ایک واقعے میں اسلحہ کے زور پر ایک بزرگ خاتون سے سات لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چھین لیے گئے۔ اسی روز دولت نگر کے علاقے لاہوریہ کے قریب بھی موٹر سائیکل سوار محمد رزاق اور اس کی اہلیہ کو نشانہ بنایا گیا، اور ان سے چار لاکھ روپے مالیت کے زیورات چھین لیے گئے۔
اسی طرح سونمبڑی کے قریب ڈاکوؤں نے مبارک علی اور اس کے اہل خانہ کو لوٹتے ہوئے تیس ہزار روپے نقدی اور پانچ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چھین لیے۔ کھاریاں کے گاؤں دھوریہ میں سعید اسلم سے قیمتی موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔
ان بڑھتی وارداتوں کے باعث خواتین بھی اب خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں، جبکہ پولیس کی موجودگی کے باوجود جرائم میں کمی نہیں آ رہی۔
ادھر گجرات سے اغوا کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پہلا واقعہ ککرالی کے گاؤں سمرالہ میں پیش آیا، جہاں 21 سالہ لڑکی کو دو نامزد افراد ورغلا کر ساتھ لے گئے۔ دوسرا واقعہ منگووال کے گاؤں جاموبولہ میں پیش آیا، جہاں شادی شدہ خاتون کو عدنان نامی شخص اور اس کے ساتھی اغوا کر کے لے گئے۔ پولیس تھانہ لاری اڈہ ککرالی اور تھانہ منگووال نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم کی بڑھتی لہر کو فوری کنٹرول کیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔