صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔
گجرات: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی اسکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی بلا سود قرضوں کی اسکیموں اور کاروباری ترقی کے منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چوہدری شافع حسین نے اجلاس کے دوران کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قائد آباد اور حافظ آباد میں نئی سمال انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کے لیے سروے کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل سٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نئی سرمایہ کاری آئے گی۔
ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سمال انڈسٹریل سٹیٹس کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کر لی گئی ہے، جس سے ریکوری کے عمل میں بہتری آئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ اسکیم کے تحت 68 ہزار 23 کیسز میں 2.8 ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں، جبکہ 521 ملین روپے کے بلا سود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دستکاری اور ہینڈی کرافٹس کے فروغ کے لیے بھرپور مارکیٹنگ کی جائے گی اور ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر ویمن ریسورس سینٹر، ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ سینٹر مری اور سمال انڈسٹریل سٹیٹس میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں ڈی ایم ڈی پیسک بابر رحمان اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔