ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت اربن فلڈنگ، ممکنہ بارشوں اور ریلیف کیمپس کے حوالے سے ڈی ڈی ایم اے کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت اربن فلڈنگ، ممکنہ بارشوں اور ریلیف کیمپس کے حوالے سے ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر ہیومن ریسورس حبیبہ بلال، ڈی ایس پی عامر شیرازی، ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ آفیسر عمر غمن، ڈی ڈی ایم اے اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع کے دیہی اور نشیبی علاقوں، خصوصاً سرخ پور، کوٹ غلام اور دیگر حساس دیہات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ریلیف کیمپس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گجرات میں 18 جبکہ سرائے عالمگیر میں 6 ریلیف کیمپس مختص کیے جا چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں قائم ریلیف کیمپس کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور ان میں موجود سہولیات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں تمام چیف آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں نالوں کی صفائی فوری مکمل کریں۔
صفدر حسین ورک نے کہا کہ اربن فلڈنگ جیسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپریل میں ہی جون اور جولائی کی بارشوں کے لیے مکمل تیاری کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے آپس میں مکمل رابطے میں رہتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔