جمعہ, 25 اپریل , 2025

ڈپٹی کمشنر گجرات کا ترقیاتی منصوبوں اور ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ، کام کی رفتار اور شفافیت پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل چک منجو، عاددوال، مچھیانہ اور ملحقہ آبادیوں میں جاری سیوریج، نکاسی آب اور واٹر سپلائی کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صفدر ورک نے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

latest urdu news

یہ منصوبے ڈسٹرکٹ SDGs 2024-2025 کے تحت 30 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن میں گلیوں میں ٹف ٹائلز، ڈرین ٹائپ اور دیگر تعمیراتی کام شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کام کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔

اس کے بعد ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے عاددوال میں قائم ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں اور خواتین کو بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ویکسین کے اسٹاک، اس کی معیاد، ویکسینیٹرز کی حاضری اور دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے عملے کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے اور شہریوں میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے ان دوروں کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو موثر اور شفاف طریقے سے مکمل کروانا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter