پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر کو آئینی ترامیم پر ووٹنگ کی مخالفت کردی۔
اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر کو آئینی ترامیم پر ووٹنگ کی مخالفت کر دی ہے۔ پی پی ذرائع کے مطابق، پیپلزپارٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت آئینی ترامیم کو 18 اکتوبر سے پہلے یا بعد میں پارلیمنٹ میں پیش کرے۔
پیپلزپارٹی کے اس اعتراض کی وجہ یہ ہے کہ 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر پارٹی کی مرکزی قیادت حیدرآباد ریلی میں مصروف ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، آئینی ترامیم 17 اکتوبر کو پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکتی ہیں۔ اس سے قبل، پیپلزپارٹی نے 13 اکتوبر کو بھی آئینی ترامیم لانے کی مخالفت کی تھی، جبکہ وفاقی حکومت نے 13 اکتوبر کو، جو کہ اتوار کا دن تھا، قانون سازی کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
وفاقی حکومت نے اپنے اور اتحادی اراکین پارلیمنٹ کو 13 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سے طلب کر لیا تھا تاکہ قانون سازی کا عمل مکمل کیا جا سکے۔