کراچی، پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کا مقابلہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سے ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت میں جی ڈی اے، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، مذہبی اور قوم پرست جماعتیں سب متحد ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کا خواب دیکھ رہی ہیں، لیکن انشاء اللہ، اللہ کے فضل سے جیت ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمرکوٹ میں ضمنی الیکشن کل، 17 اپریل کو ہوگا۔
اس مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے، یہ نشست 2024 کے عام انتخابات میں نواب یوسف تالپور نے جیتی تھی، جن کے فروری میں انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔
دوسری جانب اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیان پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں اور اب بھی کہتے ہیں کہ اسپیکر کے دفتر سے کسی تقریب یا ایونٹ کے لیے ہمیں کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، اسپیکر کی جانب سے کسی عشائیے کی دعوت نہیں دی گئی۔