پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جے یو آئی کے درمیان مذاکرات کے متعلق تاحال ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان متعدد فیصلوں کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں سے ناراض ہیں، اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں بھی سربراہ جے یو آئی گلے شکوے کرتے رہے جس پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو منانے کی بھر پور کوشش کی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی نے ایک ساتھ چلنے کے لئے 5، 5 ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی بنائی تھی، دونوں کمیٹیوں کے مابین مذاکرات کیلئے اجلاس کی تاریخ مقرر کی گئی تھی مگر جے یو آئی اس سے پیچھے ہٹ گئی جس کی وجہ سے ڈیڈلاک ختم نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات اور اجلاس سے انکار کر دیا ہے، جے یو آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا پہلا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی “ہاں ” سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
اس متعلق جے یو آئی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کو باقاعدہ پیغام بھجوایا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور نہ ہی ہمیں آگے بڑھنے کا کہا گیا ہے۔