پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کی قیادت کے حوالے سے اعلان کر دیا گیا۔
سابق آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کو ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 میں کراچی کنگز کی کپتانی سونپی گئی ہے۔
کراچی کنگز نے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اس جارحانہ کھلاڑی کو پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ 2025 میں اپنی پہلی باری میں پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز فیملی میں بطور کپتان خوش آمدید کہتے ہیں، ان کی قائدانہ صلاحیتیں اور میچ وننگ کارکردگی ٹیم کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔
یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کے ایک معروف کرکٹر ہیں جو جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں، وہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز ہیں اور آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے سابق کپتان بھی رہ چکے ہیں۔
جارح بیٹسمن آسٹریلیا کی جانب سے تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی 20) میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں،انہوں نے کئی بار ایک ہی اننگز میں 150 سے زائد رنز بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے،2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا،2018 میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں شامل ہونے کی وجہ سے1 سال کے لیے کرکٹ سے معطل کیے گئے، لیکن واپسی کے بعد اپنی کارکردگی سے ناقدین کو غلط ثابت کیا۔