جمعہ, 25 اپریل , 2025

پنجاب میں خصوصی افراد کے لیے سب سے بڑے منصوبے کا افتتاح

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ مریم نواز کا خصوصی افراد سے اظہارِ یکجہتی، ایک ارب روپے کی لاگت سے آلات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کی فراہمی کے سب سے بڑے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر پنجاب بھر سے 300 سے زائد اسپیشل افراد نے شرکت کی، جب کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مصنوعی اعضاء کی تنصیب اور تقسیم کا عمل بھی عمل میں لایا گیا۔

latest urdu news

تقریب میں ایک نوجوان عقیل، جو حادثاتی طور پر بازو سے محروم ہو چکے تھے، کو وزیراعلیٰ نے خود اسٹیج پر مدعو کیا۔ اس موقع پر ننھے سہیل نے دماغی سگنلز کے ذریعے چلنے والے مصنوعی بازو کو حرکت دے کر نہ صرف نیا قدم اٹھایا بلکہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ہائی فائی کر کے تقریب میں جذباتی لمحہ پیدا کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے موقع پر مختلف اقسام کی وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلز، اور دیگر معاون آلات خصوصی افراد میں تقسیم کیے۔ تقریب میں آمد پر دو ننھی بچیوں عائزہ اور عائشہ نے وزیراعلیٰ کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے انہیں پھول پیش کیے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے خصوصی بچوں کے درمیان بیٹھ کر ان سے بات چیت کی، اور ایک بچے کو اپنے ساتھ بٹھا کر محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ قوت گویائی سے محروم بچوں کی جانب سے قومی ترانہ اور تلاوت کی اشاروں میں پیشکش نے شرکاء کو بے حد متاثر کیا۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ایک ارب روپے کی لاگت سے خصوصی افراد کو مفت میں وہیل چیئرز، مصنوعی اعضاء، آلاتِ سماعت، اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

فراہم کردہ سہولیات میں شامل ہیں:

  • مینوئل وہیل چیئرز
  • الیکٹرک اور موٹرائزڈ وہیل چیئرز
  • پیڈز اور کنٹرولڈ وہیل چیئرز
  • ٹرائی موٹر سائیکل
  • واکنگ واکر اور فریم موبائل ٹوائلٹ چیئر
  • جدید ترین مصنوعی اعضاء اور آلاتِ سماعت

یہ منصوبہ خصوصی افراد کی خودمختاری اور باوقار زندگی کے حصول کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter