جمعہ, 25 اپریل , 2025

پاکستان کیلئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے: چیئرمین پی سی بی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے، دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان آ رہی ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسٹیڈیمز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بدھ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے دوران انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔

latest urdu news

محسن نقوی نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام 15 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے جدید طرز کے اسکرین بورڈز کو اونچائی پر نصب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکرین کی وجہ سے شائقین کو میچ دیکھنے میں مشکلات پیش نہ آئیں، اسکرین کو مناسب جگہ پر نصب کیا جائے تاکہ تماشائیوں کو بہترین تجربہ فراہم ہو سکے۔

مزید برآں، محسن نقوی نے شائقین کی سہولت کے لیے پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ تماشائیوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، اور دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں گی، اس لیے ہم عالمی معیار کے مطابق انتظامات کر رہے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیتے ہوئے زور دیا کہ تعمیراتی کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ ایف ڈبلیو او حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی اور محسن نقوی کو نقشوں کی مدد سے جاری کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مالی بجٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 7 ارب 70 کروڑ روپے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، 3 ارب 50 کروڑ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ڈیڑھ ارب روپے راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی ڈرافٹ کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری 2025 کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ پہلا سیمی فائنل کراچی میں اور دوسرا سیمی فائنل پنڈی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ 2025 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter