اسلام آباد، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ کو پیغام دے دیا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران رانا مشہود نے بھارتی ٹیم کے نام پیغام میں کہا کہ حوصلہ کریں، پاکستان میں آکر کھیلیں کیونکہ پاکستان میں آپ کو شکست دینے کا اور ہی مزہ آئے گا۔
رانا مشہود نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ آپ کی نیک نامی تو ویسے بھی نہیں تھی، اب اس میں اور کمی ہو رہی ہے، پی سی بی کا مؤقف پہلی مرتبہ بہت جاندار قسم کا ہے، پاکستان بھارت سے زیادہ پرامن ملک ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان میں اگر مسائل ہیں تو وہ بھی آپ کے بھیجے ایجنٹوں کی وجہ سے ہیں۔
دوسری جانب ن لیگی رہنما نے ایوان اقبال میں تقریب سے خطاب میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بار بار ریاست پر حملہ اب برداشت نہیں ہو گا۔
رانا مشہود نے کہا کہ جواب دینا بہت آسان ہے لیکن ہم تصادم نہیں چاہتے، تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔