وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر“نگہبان رمضان پیکج”کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز ان کے گھروں تک عزت و تکریم کے ساتھ پہنچانے کا عمل جاری ہے۔
گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "نگہبان رمضان پیکج” کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز عزت و تکریم کے ساتھ ان کے گھروں تک پہنچانے کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کے مطابق، یہ مالی معاونت سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹرڈ مستحق افراد میں شفاف طریقے سے تقسیم کی جا رہی ہے، تاکہ انہیں کسی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریونیو فیلڈ اسٹاف مستحق خاندانوں کے گھروں تک جا کر پے آرڈرز تقسیم کر رہے ہیں، تاکہ ضرورت مند افراد بینک یا دیگر دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچ سکیں۔ انہوں نے مستحق افراد کو تاکید کی کہ وہ اپنے پے آرڈرز کے ذریعے پوری رقم 10 ہزار روپے حاصل کریں اور اگر کسی بھی دکاندار، موبائل شاپ مالک یا موبائل کمپنی کے نمائندے کی جانب سے کسی کٹوتی کا مطالبہ کیا جائے تو فوراً ڈپٹی کمشنر آفس میں اطلاع دیں، تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق، امداد کی شفاف ترسیل اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں، تاکہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔