اسلام آباد، ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 300 ملین ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا۔
ورلڈ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ قرضہ پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد صوبے میں فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق یہ فنڈز پنجاب میں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے استعمال کیے جائیں گے، جس سے صوبائی حکومت کے اسموگ مٹیگیشن ایکشن پلان کو تقویت ملے گی۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ایک مؤثر اقدام ہے، جو لاکھوں شہریوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
عالمی بینک کے مطابق یہ پروگرام ان کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مطابق ہے اور اس سے لاہور ڈویژن کے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ شہریوں کو فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 725 ارب روپے کے ریونیو خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق صرف مارچ 2025 میں ایف بی آر کا ریونیو ہدف 1220 ارب روپے تھا، تاہم محض 1100 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں ممکن ہو سکیں، جس کے نتیجے میں ادارے کو 100 ارب روپے سے زائد کا مالی خسارہ برداشت کرنا پڑا۔