اٹک، اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کردی جس سے 2 بچے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔
افسوناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع واردات پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور جاں بحق بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو کے مطابق اسکول وین پر فائرنگ سے 5 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی عمریں 5 سے لیکر 10 سال کے درمیان ہیں جبکہ فائرنگ سے وین کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ وین ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی اسکول وین پرفائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک فعل ہے، ملزمان کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔