ممبئی: بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال اپنے ایک شو کے بعد لاپتا ہوگئے جس کے بعد ان کی اہلیہ پولیس کے پاس پہنچ گئیں۔
بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال ایک شو کے بعد لاپتا ہوگئے، جس کے بعد ان کی اہلیہ سریتا پال نے ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 49 سالہ سنیل پال ممبئی سے باہر ایک شو کے لیے گئے تھے اور انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹیں گے۔ تاہم، وہ وقت پر گھر نہیں پہنچے اور فون پر بھی ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا تھا، جس پر ان کی اہلیہ نے پولیس سے مدد طلب کی۔
کچھ رپورٹس کے مطابق پولیس نے سنیل پال کو ٹریس کرلیا ہے اور ان سے رابطے میں ہے، لیکن وہ ابھی تک گھر واپس نہیں پہنچے۔ مشہور انسٹاگرام اکاؤنٹ پاپارازی وائرل بھایانی کے ذریعے سریتا پال نے تصدیق کی کہ پولیس نے ان کے شوہر کا پتہ لگا لیا ہے۔
سنیل پال نے 2005 میں "دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج” جیت کر شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد وہ فلموں ‘ہم تم’ اور ‘پھر ہیرا پھیری’ جیسے کامیاب پروجیکٹس میں معاون کرداروں میں نظر آئے۔
2017 میں، انہوں نے مشہور فلمساز انیس بزمی کے خلاف رقم کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھایا تھا۔ سنیل نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے تقریباً 20-25 لاکھ روپے مختلف پروڈیوسرز کے پاس پھنسے ہوئے ہیں، اور انیس بزمی جیسے بڑے پروڈیوسر کی جانب سے ایسا رویہ ناقابل قبول ہے۔
یہ خبر ان کے مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔