راولپنڈی، گوجر خان میں ایک شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے کے باعث 200 سے زائد افراد کی حالت بگڑ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق، کھانا کھانے کے بعد بڑی تعداد میں افراد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی تعداد 200 سے زیادہ ہے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متاثرین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان موقع پر پہنچ گئے، جبکہ محکمہ صحت اور فوڈ حکام بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔
یاد رہے کہ شادی کی تقاریب میں مضر صحت کھانا کھانے کے باعث لوگوں کی حالت بگڑنے کے واقعات میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، اس کی بنیادی وجہ غذائی معیار کی کمی اور حفظان صحت کے اصولوں کی عدم پیروی ہے۔
اکثر تقاریب میں کم قیمت اور جلدی کھانا تیار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں کھانے میں آلودگی یا بیکٹیریا کی موجودگی ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ، خوراک کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے دوران صفائی کا خیال نہ رکھنا اور کھانے کی تیاری میں غیر تربیت یافتہ عملے کا ہونا بھی ان واقعات کو بڑھا رہا ہے۔